بنگلورو،18؍نومبر(ایس او نیوز) امسال سفر حج بیت اﷲ پر روانہ ہونے کے خواہشمند افراد کی طرف سے درخواستوں کا اندراج ان دنوں جاری ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے درخواستوں کے اندراج کا سلسلہ 17نومبر کو ختم ہونے والاتھا، لیکن اس تاریخ میں توسیع کے لئے مختلف حلقوں سے کی جانے والی نمائندگی اور خاص طور پر ان عازمین حج جن کے پاسپورٹ کی مدت فروری 2020تک نہیں ہے وہ اپنے پاسپورٹ کی تجدید کرواکر درخواست دے سکیں ، اس کے لئے مرکزی حج کمیٹی نے حج درخواستیں داخل کرنے کے لئے تاریخ میں 12دسمبر 2018 تک کی توسیع کردی ہے۔ یہ اطلاع آج یہاں ریاستی حج کمیٹی کے چیرمین ورکن اسمبلی جناب روشن بیگ نے دی۔انہوں نے بتایاکہ وہ درخواست گزار جن کے پاس 31 جنوری 2020 تک رائج پاسپورٹ ہو وہ حج ضوابط 2019 کے مطابق حج 2019 کے لئے درخواستیں 12دسمبر تک داخل کرسکیں گے۔ جناب روشن بیگ نے بتایاکہ 12دسمبر تک درخواستوں کے اندراج کے بعد مرکزی حج کمیٹی کو درخواست گزاروں کی تمام تفصیلات 21دسمبر تک مہیا کرانے کی مہلت دی گئی ہے۔ اور یہ بھی اشارہ دیا گیا ہے کہ جس ریاست میں بھی ضرورت پڑے وہاں عازمین حج کا قرعہ دسمبر کے آخری ہفتے میں کروایا جاسکتا ہے۔ جناب روشن بیگ نے مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے حج درخواستوں کے اندراج میں تاریخ بڑھائے جانے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو درخواستیں جمع کرنے میں آسانی ہوگی۔